You are currently viewing نواز شریف ڈیل کر کے وطن نہیں آئے، انتخابات کا حق سب کو ملنا چاہیے، سعد رفیق

نواز شریف ڈیل کر کے وطن نہیں آئے، انتخابات کا حق سب کو ملنا چاہیے، سعد رفیق

لاہور (ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف نے واپس آنا ہی تھا، اس حوالے سے ڈیل کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق ہونا چاہیے، لیول پلیئنگ فیلڈ پر سب کا استحقاق ہے، بیلٹ پیپر پر تمام جماعتوں کے نشان ہونے چاہئیں۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں ، جلد سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں شروع کریں گے۔
پیر کے روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ آگئی ہے ، ہم نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پھر الیکشن آگیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ سب کا انتخابی نشان بیلٹ پیپر کے اوپر ہونا چاہیے اور اگر کوئی جیل میں ہے تو عدالت کو اس کے ساتھ انصاف کا معاملہ کرنا چاہیے ہمیں کوئی اعتراض نہیں،ہم کسی کو جیل بھیجنے والے نہیں نہ ہمیں کسی کو پکڑنے یا پکڑوانے کا شوق ہے ،ہم نے میدان میں مقابلہ کرنا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ ٹوئٹر ، فیس بک سوشل میڈیا کا میدان اور ہے گلی کا میدان اور ہے کسی کے بھی ہاتھ پائوں بندھے ہوئے نہیں ہونے چاہئیں ، اسی لئے میں نے یہ بات پہلے کہہ دی ہے کہ اگر کسی نے توشہ خانہ میں واردات کی ہے ، سائفر کی بنیاد پر ایک سازش کی ہے یا 9مئی کے واقعات میں کوئی ملوث ہے تو وہ عدالتی نظام سے ریلیف لے ،ہم کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنے والے اور نہ ہی اس سلسلے میں ہمارا کوئی مطالبہ ہے،ہم تو سمجھے ہیں کہ سب کو الیکشن میں آنا چاہیے اور سب کو برابر موقع ملنا چاہیے ۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.