لندن (نیوز ڈیسک) لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات حسن نواز کے دفتر میں ہوئی، ملاقات کے بعد شاہد خاقان عباسی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملاقات میں نواز شریف سے ملکی امور پر گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی کارکردگی متاثرکن نہیں تھی، ملکی معاملات کو دیکھنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ میں کسی کے استقبال کا قائل نہیں ہوں، پہلے نواز شریف کے عدالتی معاملات درست کرنے چاہئیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ نواز شریف سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ہونے والی مشاورت میں شامل نہیں تھا۔
شاہد خاقان کا کہنا تھاکہ نواز شریف سے کوئی گلہ شکوہ نہیںاور نہ ہی پارٹی کے کسی لیڈر کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پارٹی خفیہ نہیں بنتی جب بنے گی تو سامنے آجائے گی۔