لاہور (ڈیسک ) :پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار کر روتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا،امید ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے اور جلد مسائل کا حل نکل آئے گا۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کا واقعہ کالے کوٹ کے وقار کے خلاف اور شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر سردار ایاز صادق نے لچھے دار بات کی، وہ کہتے ہیں کہ اسمبلی چلتی نظر بھی نہیں آتی اور وہ چلائیں گے بھی۔ (ن) لیگ کا وطیرہ بن گیا ہے کہ ان دیکھے ہاتھوں پر الزام عائد کرتے ہیں۔ لیگی رہنما رونا ڈال کر بیٹھے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ (ن) لیگ نام بھی نہیں بتاتی کہ ان کے خلاف سازش کون کر رہا ہے۔ (ن) لیگ حکومت میں بھی ہے اور اپوزیشن میں بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے اب بھی مسلم لیگ (ن) کو ریلیف مل رہا ہے۔ کوئی (ن) لیگ کے خلاف سازش نہیں کر رہا۔ نواز شریف اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار کر روتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔انہوں نے کہا کہ ایک ملک کا وزیر اعظم ہو کر غیر ملکی کمپنی کی ملازمت کر رہا ہے۔ اس لیے انہیں نکالا گیا، مسلم لیگ (ن) کے ارد گرد اقامہ ایک گھنٹی بن چکا ہے جو ٹن ٹن بج رہا ہے۔ اقامہ صرف حکومت سے نکالنے کے لیے ہی نہیں بلکہ سزا کے لیے بھی کافی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابات وقت پر ہوں گے اور جلد مسائل کا حل نکل آئے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بیرونی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال بہت غیر یقینی کی ہے، ہمیں الیکشن کے عمل سے گزرنے کے لیے وقت درکار ہے۔
(این این آئی)