لندن (ڈیسک) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کر گئی۔
لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، رہنما (ن) لیگ عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کردی۔
نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں طویل سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جب کہ ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004ء میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔
ن لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہناہےکہ لندن میں بیگم شمیم اختر کی میت پاکستان لانے کے لیے قانونی ضابطے پورے کیے جارہے ہیں، یہ کارروائی مکمل ہوتے ہی دستیاب فلائٹ سے میت پاکستان روانہ کردی جائے گی، بیگم شریف کی میت کے ہمراہ نواز شریف کی ہمشیرہ اور ان کے شوہر پاکستان آرہے ہیں، خاندان کے دیگر افراد کی آمد کی کوئی اطلاع نہیں۔
عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پے رول پر رہائی کے لیے قانونی ضابطے مکمل کررہے ہیں، ان کی رہائی ہوتے ہی تدفین کے انتظامات مکمل کیے جائیں گے، بیگم شمیم اختر کی تدفین شریف فیملی کے آبائی قبرستان میں ہوگی ان کی میت پاکستان میں آنے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں ۔