لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کو سسلین مافیا کہنے والے آہستہ آہستہ بے نقاب ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے مرکزی کیمپس ٹاون شپ لاہور میں نئے تعمیر ہونے والے اکیڈمک بلاک، سٹوڈنٹس سروس سنٹر، سٹوڈنٹس ہاسٹل، ہیلتھ اینڈ ڈے کیئر سنٹر اور بیچلر فیکلٹی ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ سازش کے تحت مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم کرکے لاڈلے اور نااہل کواقتدار میں لایا گیا ، چیئر مین پی ٹی آ ئی کو اقتدار میں لاکر پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی، علمی تحریک کیلئے موجودہ عوامی حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا ، جامعہ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، سینڈیکیٹ ممبرز،اساتذہ، سٹاف ، طلبا و طالبات اور معروف علمی و سماجی شخصیات کثیر تعداد میں موجود تھی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ علم ہی وہ خزانہ ہے جس کے حصول کا نتیجہ سماجی، اخلاقی اور معاشی ترقی کی صورت میں رونما ہوتا ہے، لہذا ہم نے علم کی معراج حاصل کرنی ہے کیونکہ جس قوم میں علم کی جستجو نہیں ہوتی وہ ہمیشہ غلامی میں رہتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ طلبا اور اساتذہ کی تعلیمی و تعمیری ترقی کیلئے ہر سطح پر اصلاحات کی گئیں، اگرچہ یہ سفر درمیان میں کچھ وقت کیلئے تھم گیا لیکن عوامی امنگوں کی ترجمان اور عصرحاضر کے تقاضوں سے آگاہ حکومت نے پھر سے ملکی تعمیر و ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل جامعات سے جڑا ہے کیونکہ وہاں ہمارے نوجوان زیرتعلیم و تربیت ہیں۔