اسلام آباد (ڈیسک) نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کیلیے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام اور نگراں سیٹ اَپ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
لیگی ذرائع کے مطابق قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد پی ایم ایل این نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس جلد بلانے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل دبئی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کے درمیان ملاقاتوں اور فیصلوں پر فضل الرحمان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر نواز شریف نے رابطہ کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی ہے۔