کراچی (نیوز ڈیسک) نسوانی آواز کے جھانسے میں آکر خود ڈاکوؤں کی کمین گاہ پر پہنچنے والا کراچی کا شہری آخرکار 4 ماہ بعد بازیاب کرالیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد کے رہائشی علی عباس کو اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل نے شکارپور کے بیگاڑی کچے سے بازیاب کرایا۔
مغوی کو اغواکاروں نے وائس چینجر کی مدد سے لڑکی کی آواز سنا کر شکار پور بلایا اور اغوا کر کے کچے میں لے گئے۔
یاد رہے کہ مغوی علی عباس کے اغوا کا مقدمہ 26 جولائی کو نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کرلیا گیا تھا۔
مغوی علی عباس کے اہل خانہ سے ڈاکوؤں نے 70 لاکھ روپے تاوان مانگا تھا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شکارپور کے بیگاڑی کچے سے مغوی کو بازیاب کرالیا۔
پولیس کے مطابق مغوی کو فیملی کے حوالے کردیا گیا ہے۔