اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا اسٹاک تقریباً ختم ہوگیا جبکہ تاحال نئی خریداری نہ ہونے کے باعث ایک بار پھر چینی کا بحران پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق شہری یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی والی سستی چینی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ فوری خریداری نہ ہونے کی وجہ سے چینی کا بحران طویل ہوسکتا ہے۔
بحران کی وجہ بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ خریداری میں مشکلات کے باعث چینی کی قلت ہوئی، یوٹیلیٹی اسٹورز نے مہنگی بولی کے باعث حال ہی میں2 ٹینڈرز منسوخ کیے اور کچھ ٹینڈرز میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بولیاں ہی موصول نہیں ہوئیں۔
ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز نے دعویٰ کیا کہ چینی کی خریداری کے لیے کوششیں جاری ہیں، آئندہ ہفتے 40 ہزار ٹن چینی کا اوپن ٹینڈر کھولا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر حالیہ دنوں میں تقریباً ایک ماہ چینی دستیاب رہی، قبل ازیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 2 ماہ تک چینی کا بحران رہا تھا جس کے سبب ملک بھر میں چینی کی قیمت بڑھ گئی تھی۔