You are currently viewing مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے شہری مرغی کے پنجے کھائیں، مصری حکومت

مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے شہری مرغی کے پنجے کھائیں، مصری حکومت

قاہرہ (ڈیسک) معاشی تبدیلیوں کے زیر اثر دنیا کے اکثر ممالک میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر طبقہ فکر کے افراد اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق عربی زبان بولنے والے ملک مصر میں کرنسی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث عوام کو کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مہنگائی کے باعث مرغی کا گوشت 30سے بڑھ کر 70مصری پونڈ تک جا پہنچا ہے جب کہ دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جان لیوا مہنگائی کی وجہ سے عوام کی آہ و بکا آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔
ان حالات میں مصر کے حکومتی حلقوں نے اپنے شہریوں کو مرغی کے گوشت کے بجائےپنجے کھانے کا مشورہ دے ڈالا۔
مصر میں مرغی کے پنجوں کو کھانے کے بجائے پھینکنے والی چیز سمجھا جاتا رہا ہے ، مرغی کے پنجوں کا استعمال غربت کی انتہائی نچلی سطح کو ظاہرکرنے کے لیے بطور علامت استعمال کیا جاتا ہے۔
حکومت کے اس مشورے پر مصر کی مشہور شخصیات اور افراد نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے بجائے حکومت عوام کی تذلیل کی روش اپنا چکی ہے۔