لاس اینجلس (نیوز ڈیسک) امریکی فوج کی خاتون لیفٹیننٹ ایلما کوپر مِس یو ایس اے 2024 قرار پائی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مِس یو ایس اے کا ٹائٹل متنازع ہونے کے بعد اب 22 سالہ ایلما کوپر مِس یو ایس اے 2024ء بن گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والی ایلما کوپر کو امریکی شہر لاس اینجلس میں اتوار کو ہونے والی تقریب میں نامزد کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلما کوپر اب نومبر میں مِس یونیورس مقابلے میں حصہ لیں گی، ان کی سوشل میڈیا پر نظر ڈالی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ وہ سیکنڈ لیفٹیننٹ ہیں اور ملٹری انٹیلی جنس افسر کے طور پر کام کرتی ہیں اور انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ڈیٹا سائنس میں ماسٹرز کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل مئی میں نویلیا ووئگٹ کے اچانک مِس یو ایس اے 2023ء کے ٹائٹل سے دستبردار ہونے کے بعد مقابلے میں دوسرے نمبر پر آنے والی خاتون 28 سالہ سوانا گینکیوچز کو ٹائٹل دیا گیا تھا۔