You are currently viewing موسم سرما: پنجاب کے صارفین کو دسمبر میں گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہو گا

موسم سرما: پنجاب کے صارفین کو دسمبر میں گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہو گا

اسلام آباد (ڈیسک) سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی سی) نے خبردارکیا ہے کہ آئندہ ماہ کے آغاز سے پنجاب کے صارفین کوگیس کی فراہمی میں کمی کر دی جائے گی۔ کمپنی کے مطابق گھریلو صارفین کو چوبیس گھنٹوں میں تین بار یعنی، صبح، دوپہر اور رات کھانا پکانے کے اوقات میں ہی گیس مہیا کی جا سکے گی۔
ملک بھر میں سردی کا موسم شروع ہوتےہی شہریوں کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نومبر دسمبر میں ملک کے شمالی علاقوںمیں برف باری اور ملک بھر میں سردی کی لہر کے باعث گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ ماہ دسمبر میں 300 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی قلت ہو گی، جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین، کیپٹیو پاور پلانٹس اور سی این جی سیٹر کو گیس کی فراہمی میں کمی کر دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گیس کا استعمال بڑھ رہا ہے، جب کہ ملکی پیداوار میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
قادر پور گیس فیلڈ کے ذخائر کے بعد ملک میں کوئی قابل ذکر گیس کا ذخیرہ دریافت نہیں کیا جا سکا۔ پاکستان میں گیس کے مجموعی صارفین لگ بھگ 80 لاکھ ہیں، پنجاب میں 34.3 لاکھ، سندھ میں 34.4 لاکھ، کے پی کے میں 9 لاکھ اور بلوچستان میں 4.68 لاکھ لوگ گیس استعمال کرتے ہیں۔ جب تک حکومت گیس کے حوالے سے کوئی طویل مدتی پالیسی نہیں بناتی تب تک موسم سرما میں گیس کی کمی جیسے مسائل میں بدستور اضافہ ہو گا۔