You are currently viewing ملک کے تینوں ستون اپنی حدود میں رہیں گے تو مشکلات پیدا نہیں ہوں گی، وزیر خارجہ

ملک کے تینوں ستون اپنی حدود میں رہیں گے تو مشکلات پیدا نہیں ہوں گی، وزیر خارجہ

اسلام آباد (ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک کے تینوں ستون اپنی حدود میں رہیں گے تو مشکلات پیدا نہیں ہوں گی۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت 2 سوچوں میں تقسیم دکھائی دے رہا ہے، بھارت میں ایک طرف سیکولرازم اور دوسری طرف ہندوتوا سوچ ہے جب کہ بھارت کی کوئی ایسی ریاست نہیں جہاں احتجاجی ریلی نہ نکلی ہو، پورے بھارت میں احتجاج کی کیفیت ہے تاہم عین ممکن ہے اس سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت فالس فلیگ آپریشن کرے

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کیا اب پورے بھارت پر کرفیو لگایا جا سکتا ہے، بھارت کا عالمی طور پر تشخص متاثر ہوا ہے، جو ماضی میں بھارت سے تعاون کیا کرتے تھے آج کناراکش ہیں جب کہ عالمی میڈیا بھی بھارت پر تنقید کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور کہا کہ او آئی سی میں کشمیر اور مسلمانوں پرظلم کے حوالے سے بات کرنی چاہیے، او آئی سی نے یقین دلایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر موثر آواز اٹھے گی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے جو اقدامات اٹھائے پاکستان ذہنی طور پر ان کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار نہیں، ہماری اطلاع کی مطابق ایل او سی پر 5 جگہ باڑ کو کاٹا گیا ہے جب کہ سرحد پر براہموس اور دیگر میزائل نصب کرنے کا مقصد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرگرمیوں پر اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے، توقع ہے ملٹری آبزرورز سلامتی کونسل کو بریفنگ دیں گے، ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں، سفارتی اور سیاسی محاذ پر جو کیا جا سکتا ہے وہ کیا جا رہا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم ممالک میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کریں گے، فروری میں ترک صدر پاکستان تشریف لا رہے ہیں، ترکی اور ملائیشیا کے شکرگزار ہیں انہوں نے ہمارے موقف کو سمجھا، ہماری کوشش رہی ہے کہ مسلم ممالک میں غلط فہمیوں کو دور کریں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے نیب قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تاہم اب تبدیلی کی ہے تو اسے نیا رنگ دیا جا رہا ہے جب کہ کسی کو این آر او دیا ہے نہ کسی کا تحفظ کر رہے ہیں، اپوزیشن کہتی ہے معیشت کا پہیہ نہیں چل رہا جب کہ دوسری طرف معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگ کسی چیز کا مطالعہ کیے بغیر بحث شروع کر دیتے ہیں، اپوزیشن کے کچھ دوست بغیر کسی تصدیق کے تنقید شروع کر دیتے ہیں، نظر ثانی کے بعد تبدیلی کی جاری ہے تاہم نیب آرڈیننس کسی کو رعائیت یا این آر او دینے نہیں جارہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، توقع ہے سندھ حکومت سیاسی بیانات کے بجائے وفاق کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کرے گی، اس معاملے کو صوبائیت کا رنگ نہیں دینا چاہیے جب کہ وفاقی حکومت کی نیت پر شک نہ کریں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین میں اداروں کا کردار بہت واضح ہے، ملک کے تینوں ستون اپنی حدود میں رہیں گے تو مشکلات پیدا نہیں ہوں گی، اداروں میں کوئی تصادم نہیں ہر ادارے کی اپنی حدودو قیود ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.