You are currently viewing ملک بھر میں انتخابی  سامان کی ترسیل کا عمل شروع

ملک بھر میں انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل شروع

اسلام آباد (ڈیسک) قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں  کے لئے انتخابی  سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 272 میں سے 270 جب کہ چاروں صوبوں کی مجموعی طور پر 577 میں سے 570 نشستوں پر کل رائے شماری ہوگی۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلزپارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔

ملک بھرمیں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قراردیا گیا ہے، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار263 اورخواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار146 ہے۔ انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپرچھاپے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے لئے سبزجب کہ صوبائی اسمبلی کے لئے سفید بیلٹ پیپراستعمال ہوگا، ملکی تاریخ میں پہلی بار بیلٹ پیپرز میں سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔

اس مرتبہ پہلی بار تعلیمی اداروں کے علاوہ دوسرے اداروں سے بھی ملازمین کو انتخابی ڈیوٹی کا حصہ بنایا گیا ہے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ سے 6 ہزار سے زائد اساتذہ کو الیکشن ٹریننگ کرائی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے اور بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچایا جارہا ہے۔ پولنگ اسٹیشن پرتعینات پاک فوج کے جوان بھی پریزائڈنگ آفیسرزکے ہمراہ ہیں جب کہ فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچائیں جائیں گے. شہری علاقوں میں سامان کی ترسیل کا کام آج شام سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دوردرازعلاقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل رات تک جاری رہے گی۔ پولنگ کا عملہ اورفوجی جوان آج رات پولنگ اسٹیشنز پر ہی قیام کریں گے تاہم خواتین پر مشتمل عملہ اس سے مستثنیٰ ہوگا۔ پاک فوج کے جوان اورپولیس اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کی گنتی مکمل ہونے تک موجود ہوں گے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.