لاہور(ڈیسک)لاہور کی سیشن عدالت نے ٹی وی پر ریاست اور اداروں کے خلاف گفتگو کرنے کے الزام میں درج مقدمہ میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی دائر درخواست ضمانت پر 7 جون کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ کے وکیل کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔
ایڈیشنل سیشن جج حفیظ الرحمان نے دائر درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے،دوران سماعت درخواست گزار میاں جاوید لطیف کے وکیل چوہدری عمران رضا چدھڑ نے دلائل پیش کیے اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ایک سیاسی کارکن ہے،حکومت کی جانب سے بے بنیاد الزامات کے تحت بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا،درخواست گزار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کی جائے۔