مکہ مکرمہ(اسٹاف رپورٹر) مسجدالحرام میں دئیے جانے والے خطبات،اور لیکچرز کو اب مزید 3 زبانوں ترکی، فارسی اور ھوسا میں ترجمہ کیا جائے گا۔
مسجد الحرام میں شعبہ ترجمہ کے ڈائریکٹرولیدالصقعبی کا کہنا ہے کہ اس کام کے نتیجے میں یہ 3 زبانیں بولنے والے ہزاروں زائرین کو فائدہ ہو گا اور انھیں جمعے کے خطبات اوردیگر لیکچرزکوسمجھنے میں آسانی ہوگی،انسٹی ٹیوٹ اس سے پہلے انگریزی، فرانسیسی، مالے اور اردو زبان میں خطبات کے ترجمے کے لیئے اقدامات کرتا آیا ہے،ان زبانوں کے ترجمے کرنے والے ام القرا، شاہ عبدالعزیز اور امام محمد بن سعود یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے اسکالرز شامل ہیں۔
یاد رہے اس تیسرے مرحلے کو تکمیل دینے کے لیئے حرمین شریفین کے امورکے نگران ادارے کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے اس منصوبے کی سربراہی کیلیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔