لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی اور شانگلہ خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں چینی قونصل جنرل سے ملاقات میں باہمی تعاون اور اشتراک کا سلسلہ جاری رکھنےکے عزم کا اعادہ کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں پر حملہ ترقی اور خوشحالی کا عمل سبوتاژ کرنےکی مذموم سازش ہے، متاثرہ چینی خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں، ان کی فول پروف سکیورٹی کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔