لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں مریم نواز نے 19سال سے ناقابل شکست رہنے والے ڈیف کرکٹرز کے لیے انعام کی رقم 2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کردی اور کھلاڑیوں کو 38 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیف کرکٹرز کے لیے فوری طور پر گراؤنڈ مختص کرنے کا حکم بھی دیا اور ساتھ ہی ڈیف کھلاڑیوں کو پنجاب کے سرکاری محکموں میں نوکریاں دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کرکٹرز نے بڑا کام کیا ہے جس کی کوئی قیمت یا معاوضہ نہیں ہوسکتا۔
دریں اثناء ڈیف کرکٹ ٹیم نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو دبئی ورلڈ کپ کی وننگ ٹرافی پیش کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔