لاہور (ڈیسک) 22سالہ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کھیلا جانے والا ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔پی سی بی ترجمان کے مطابق دی ہنڈرڈز کھیلنے کے سلسلے میں انگلینڈ میں موجود محمد حسنین دبئی میں قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔دوسری جانب آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر کل منگل کی صبح پاکستان سے روانہ ہوکر دبئی میں سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ وہ ہالینڈ ٹور کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اپناپہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں 2 ستمبر بروز جمعہ کوالیفائر ٹیم سے کھیلیگی۔ سپر فور کے میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔