You are currently viewing مجھے یقین ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کی تحریک سمندر بن جائے گی، وزیراعظم

مجھے یقین ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کی تحریک سمندر بن جائے گی، وزیراعظم

اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ مجھے یقین ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کی تحریک سمندر بن جائے گی

وزیر اعظم عمران خان   کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کی تحریک سمندر بن جائے گی، عالمی رہنماؤں کو پہلے مسئلہ کشمیر نہیں معلوم تھا لیکن اب سمجھ آنا شروع ہوگیا ہے، میں نے ان سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، کبھی امریکی سینیٹرز نے اس طرح کا بیان نہ دیا جو اب دیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مودی نے بڑی حماقت کی اور آخری پتہ کھیل دیا، کشمیریوں کا موت کا خوف ختم ہوگیا، کرفیو اٹھنے کے بعد لاکھوں کشمیری باہر نکلیں گے، جو راستہ مجھے نظر آ رہا ہے وہ کشمیریوں کی آزادی کا ہے۔

بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ انسانوں کو 2 ماہ سے زائد عرصے سے بند کیا ہوا ہے، عورتیں، بچے اور بیمار سمیت سب بند ہیں، عالمی میڈیا ہانگ کانگ میں احتجاج کو نمایاں کرکے دکھاتا ہے لیکن کشمیر کی کوریج نہ ہونے کے برابر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی میڈیا کا مقبوضہ کشمیر پر دہرا معیار ہے، اتنے بڑے ظلم پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، دنیا بھارت کو تجارت کی نظر سے دیکھتی ہے، عالمی برادری اور ملکوں کے لیے انسانوں سے زیادہ پیسہ اہم ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے حقوق کے لیے پوری کوشش کرتے رہیں گے۔

 

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.