اسلام آباد (ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو ایک ارب ڈالرز منتقل کردیئے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یو اے ای نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرادی اور ان کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تصدیق کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے یو اے ای کی قیادت کا مشکور ہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالرز آچکے ہیں، اس سے ہمارے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کروائے تھے۔