اسلام آباد(ڈیسک)آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشترکی چتا کی راکھ بحیرہ عرب میں بکھیر دی گئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آنجہانی گلولارہ لتا منگیشتر کی چتا کی راکھ گیٹ وے آف انڈیا کے قریب بحیرہ عرب میں بکھیر دی گئی ہے۔اس مذہبی رسم کو لتا کے بھائی ہری دیناتھ،بھتیجی رچنا اور بھتیجے ادیناتھ نے خاندان کے دوسرے افراد کی موجودگی میں ادا کیا، اس سے قبل لتا کی روح کے سکون کے لیے گھر میں ایک عبادت کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے لتا کے خاندان والوں کا کہنا تھا کہ لتا جی کو ممبئی سے عشق تھا اس لیے انہیں معلوم ہے کہ ممبئی کے سمندر میں ان کی چتا کی راکھ بکھیرنے سے ان کی روح کو سکون ملا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہاں ان کی راکھ ڈالنے کا فیصلہ اسی روز کر لیا تھا جس دن وہ اس دنیا سے منہ موڑ گئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ لتا جی کی چتا کی نصف راکھ گھر میں یادگار کے طور محفوظ کر لی ہے جبکہ نصف کو سمندر کے حوالے کیا گیا ہے۔