بیروت (نیوز ڈیسک) لبنان کی شہری آبادی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے جاں بحق افراد کی تعداد 570 سے تجاوز کرگئی جبکہ دو روز میں 18 سو سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
تازہ حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ابراہیم قبیسی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی حملوں سے بچنے کے لیے سینکڑوں لبنانی شہری ملک شام میں داخل ہوگئے۔
اسرائیلی حملوں کے پیش نظر لبنان میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کردیے گئے۔
لبنان پر لائیو ٹی وی شو میں شریک صحافی بھی میزائل حملے کا نشانہ بن کر زخمی ہوگیا۔
دریں اثناء لبنانی حزب اللہ نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر 3 سو سے زائد راکٹ داغ دیے۔
حزب اللہ کی جانب سے کئی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے۔
مزید برآں عراقی مزاحمتی تنظیم نے بھی جولان کی پہاڑیوں پر حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے حزب اللہ کے خلاف مختصر آپریشن چاہتے ہیں تاہم وقت زیادہ بھی لگ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور چین اپنے شہریوں کو لبنان سے نکلنے کا کہہ چکے ہیں جبکہ کئی ممالک کی ائیر لائنز نے تل ابیب اور بیروت کے لیے پروازیں روک دی ہیں۔