You are currently viewing لاہور پر چھائی شدید دھند خلا سے بھی نظر آنے لگی، ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر

لاہور پر چھائی شدید دھند خلا سے بھی نظر آنے لگی، ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں پھیلی اسموگ خلا سے بھی نظر آنے لگی، شدید دھند اور اسموگ کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر جبکہ موٹرویز کو بھی کئی مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں پاکستان کے مشرقی اور بھارت کے شمالی علاقوں میں گزشتہ ماہ سے پھیلی انتہائی گہری اور خطرناک اسموگ واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں رواں ہفتے لاہور اور ملتان کے پر اتنی گہری اسموگ تھی کہ سڑکیں اور عمارتیں مکمل طور پر اس کی لپیٹ میں آگئیں اور تصاویر میں صرف سفید دھند دیکھی گئی۔
سی این این کی رپورٹ میں ناسا کی جانب سے 31 اگست 2024 اور 10 نومبر 2024 کو لاہور اور دہلی کے محل وقوع کو ٹیگ لگا کر ایک ہی علاقے کی 2سیٹلائٹ تصاویر کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
ناسا کی پہلی سیٹلائٹ تصویر میں دہلی اور لاہور کے علاقوں میں سطح زمین پر ہریالی جبکہ دوسری تصویر میں صرف دھند نظر آرہی ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع بھی گزشتہ شب اسموگ کی لپیٹ میں رہے جبکہ رات کے وقت لاہور آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست رہا۔
رات گئے دھند سے لاہور کا فلائٹ آپریشن متاثرہونے سے فیصل آباد اور ملتان کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں، 2 پروازیں اسلام آباد میں جبکہ لاہور، ملتان اور فیصل آباد کی پروازیں 8 متبادل ائیرپورٹس پر اتاری گئیں۔

کراچی سے لاہور پہنچنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز اور دبئی سے لاہور آنے والی نجی ائیر کی پرواز اسلام آباد میں لینڈنگ کروائی گئی۔
شدید دھند کے سبب موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم انٹرچینج تک، ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر اور روہڑی تک موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، سیالکوٹ موٹروے بھی اسموگ کی وجہ سے بند کی گئی۔
مزید برآں لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں دکانیں، شاپنگ مالز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کے فیصلے پرمکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، رات 8 بجے کے بعد کاروبار جاری رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کی گئیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.