لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے خاتون اسکول ٹیچر کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر انوش مسعود نے بتایا کہ تیزاب سے اسکول ٹیچر کا چہرہ جھلس گیا اور خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ عمر ڈوگر نامی مرکزی ملزم لیڈی اسکول ٹیچر پر مبینہ طور پر تیزاب پھینکنےکے بعد بیرون ملک فرار ہونے کے لیے سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ڈاکٹر انوش مسعود کے مطابق ملزم نےبتایا وہ متاثرہ لیڈی اسکول ٹیچر سے شادی کا خواہش مند تھا تاہم اسکول ٹیچر نے شادی سے انکار کر دیا جس پر طیش میں آ کر اس نے تیزاب سے حملہ کردیا۔
پولیس نے متاثرہ اسکول ٹیچر کو اسپتال منتقل کر کے بیان قلمبند کرلیا جبکہ ملزم کے ساتھی غلام مصطفیٰ کی تلاش میں چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔