اسلام آباد (ڈیسک)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ لاہور اسلام آباد 100 کلومیٹر سے زائد موٹر وے تعمیر کرنےپر عوام کےاربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کم لاگت پر موٹرویز بنا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جھل جھاﺅ ۔ بیلہ شاہراہ کی بحالی اور اپ گریڈ یشن کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کوئٹہ سے کراچی 796 کلومیٹر سڑک کی تعمیر پرکام جاری ہے ۔ ہوشاب ۔ آوران شاہراہ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، شاہراہ کی تعمیر علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جھل جھاﺅ۔ بیلہ جنوبی بلوچستان کی ایک اہم شاہراہ ہے، بلوچستان و خیبرپختونخوا کےپسماندہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرسے عوام کے معیارزندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب، میانوالی اور مظفر گڑھ میں لوگوں کو مشکلات کاسامنا تھا۔ ان کی مشکلات کے حل کے لئے بروقت اقدامات کریں گے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ جنوبی خیبرپختونخوا دیر اور سوات میں سی پیک کے ثمرات مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت موجود ہ حکومت نے کم لاگت میں شاہراہوں کی تکمیل مکمل کی ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق شاہراہوں کی تعمیرمیں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہر جگہ پر قوم کے پیسوں کی بچت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد سے لاہور تک 100 سے زائد کلومیٹر موٹر وے کی تعمیر پر زائد اخراجات کئے گئے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کم لاگت پر موٹر وے بنارہی ہے۔ پی ٹی آئی نے تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت کی وجہ سے قوم کے پیسے بچائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم قوم کا پیسہ ضائع ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح ہم موٹر ویز قرضے لے کرنہیں بنا رہے بلکہ بی اوٹی کےتحت سرمایہ کاری کی بنیاد پر تعمیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گااور منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور این ایچ اے کو آگے لے کرجاﺅں گا۔