اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاپتا افراد سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے نگراں حکومت نے اقدامات شروع کردیے۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے سیکریٹری دفاع اور سیکریٹری داخلہ کو لکھے گئے خط میں 3 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ کے آرڈر کے پیرا 11 کاحوالہ دیا۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تحریری اقرار نامہ جمع کرانے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ نے اب کے بعد کسی شخص کوغیر قانونی لاپتا نہ کرنے کاحکم دیا ہے اور عدالت نے کسی شخص کو غیر قانونی لاپتا نہ کرنے کے لیے تحریری جواب بھی مانگا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں مزید کہا گیا ہےکہ آرڈر کے پیرا 11 میں وفاقی حکومت کو تحریری جواب جمع کرانےکی ہدایت کی گئی ہے، متعلقہ وزارتوں کے سینئر ترین افسران سے دستخط شدہ تحریری اقرار نامہ مانگا گیا ہے۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ میں لاپتا افراد سے متعلق آمنہ مسعود جنجوعہ ودیگر نے درخواستیں دائر کی تھیں۔