You are currently viewing لال حویلی پر ریڈ کر کے یوم آزادی کا جشن منانے نہیں دیا جا رہا، شیخ رشید

لال حویلی پر ریڈ کر کے یوم آزادی کا جشن منانے نہیں دیا جا رہا، شیخ رشید

راولپنڈی (ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھر ریڈ کیا، ریڈ کا مقصد جشن آزادی کی تقریب کے انعقاد سے روکنا ہے۔
وڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھ پر اب تک تین بار خود کش حملے ہو چکے ہیں، اس بار کچھ ہوا تو حکومت ذمے دار ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ پولیس لال حویلی سے کیمرے، لیپ ٹاپ اور موبائل فون اٹھا کر لے گئی ہے، لال حویلی کے باہر بیریئرز ہٹا دیے ہیں جو سیکیورٹی کی وجہ سے لگائے گئے تھے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ لال حویلی میں 50سال سے یومِ آزادی پر تقاریب ہو رہی ہیں، اس بار پولیس لاؤڈ اسپیکر، آتش بازی کا سامان اور اسٹیج اٹھا کر لے گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ لال حویلی کے راستے بند کیے گئے تو فیصلہ کریں گے کہ آتش بازی کہاں کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہداء، غازیوں اور ملک بنانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہر 3گھنٹے کے بعد وڈیو پیغام جاری کروں گا، عوام تیار رہے ہو سکتا ہے اس بار یومِ آزادی کا جلسہ راجہ بازار، کمیٹی چوک یا چاندنی چوک پر ہو ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی کی تقریب منعقد کر رہے ہیں سیاسی جلسہ نہیں کر رہے ،اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو مجھ سے بات کرے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.