لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ قوم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محمد نواز شریف کو واپس لانا ہو گا،محمد نواز شریف کی ملک کیلئے قربانیوں کو ضائع کیا گیا ، محمدنواز شریف نے ہمیشہ اپنی تکالیف بھلا کر آگے بڑھنے کی بات کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،وفاقی وزیر نے کہا کہ ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ اتحادی حکومت نہ لیتے تو عمران خان کو کوئی امیدوار نہ ملتا،عمران خان کو دوبارہ مقبول بنانے کے لیے ملک کو اس حال تک پہنچا دیا، انہوں نے کہا کہ ملک سے محبت کرنے والی قیادت نے اپنی سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب لانچ کیا گیا تھا تو کیا ان کو پتہ نہیں تھا کہ یہ پلے بوائے ہے ،آج پنکی پیرنی فرح گوگی کی کرپشن کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر محمد نواز شریف کی ملک کیلئے قربانی دینے سے پاکستان کے معاشی اور سیاسی حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو مسلم لیگ ن یہ قربانی بار بار دینے کو تیار ہے، ضمنی الیکشن میں بھی سہولت کاری عام تھی جو آج بھی جاری ہے ۔
میں بات کروں تو مجھ پر غداری کے مقدمے ہوتے ہیں ،وہ روز ساڑھے تین تین گھنٹے جھوٹ بولے ،اس کے رکے ہوئے کیسوں کا فیصلہ کیوں نہیں ہو رہا، توشہ خانہ اور اس کی بیٹی کا کیس کیوں رکا ہوا ہے ،اس نے اپنی بیٹی کے کیس کا آج تک جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب اقبالی بیان سے قوم کے دکھوں کا مداوا نہیں ہو سکتا، جن پانچ کرداروں نے 2017 میں رول ادا کیا ان کی جیبوں سے پیسہ نکال کر واپس قومی خزانے میں رکھ دیا جائے تو کسی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہ ہو،ہم تو ہمیشہ حساب دیتے آئے ہیں اب پھر لے لیں ، لیکن جن پانچ کرداروں نے ریاست کو جتنا نقصان پہنچایا ہے ان کے جیبوں سے پیسہ نکال لیں تو پاکستان معاشی بحران سے نکل سکتا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف کو بار بار احتساب اور ٹرائل سے گزارا گیا ۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور سی پیک لے کر آئے، قوم کا اعتماد بحال کر کے انہیں واپس لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیا بیانیہ نہیں لا رہے ہم بتائیں گے کہ قومی مفاد میں خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں ،قومی مفاد میں اب خاموش نہ رہا جائے اب جو سچ ہے وہ عوام کے سامنے رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اتنا گند ڈال دیا ہے کہ ہم سارے حقائق سامنے رکھ کر الیکشن میں جا رہے ہیں ،جس دن الیکشن کا شیڈول جاری ہو گا ، محمد نواز شریف واپسی کی تاریخ دیں گے،مریم نواز واپس آ رہی ہیں ہم نے جہاں سے خاموشی اختیار کی تھی اب وہیں سے قوم کو سب سنانا شروع کریں گے۔