اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت مواصلات نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر جرمانوں کی مد میں رقم میں اضافہ کردیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اب بغیر لائسنس مسافر بردار اور مال بردار گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
حد رفتار کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل کو 1500، گاڑی کو 2500، ٹرکوں کو 5 ہزار اور بسوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق اوور لوڈنگ پر مال بردارگاڑیوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر موٹر سائیکل اورکار سوار پر 500، ویگن پر 2 ہزار، بس اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل، گاڑی اور ویگن چلانے پر 2 ہزار جبکہ بس اور مال بردارگاڑی چلانے والے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
آئی جی موٹر وے پولیس سلطان علی کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر جرمانہ بڑھنے سے یقینی طور پر ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی۔