You are currently viewing قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور

قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2023 منظور کرلیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔
قومی اسمبلی میں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پیش کیا اور کہا کہ اس بل کا اطلاق سویلین پر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل2023 کا سپریم کورٹ میں جاری مقدمے پرکوئی اثر نہیں ہوگا۔
وزیرقانون نے بتایاکہ دہری شہریت رکھنے والے افواج پاکستان میں شمولیت اختیار نہیں کرسکیں گے۔
آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے مطابق ملکی سلامتی اور مفادمیں حاصل معلومات کے غیر مجاز انکشاف پر سزا ہوگی اور متعلقہ شخص کو 5 سال تک قید کی سزا دی جائےگی۔
بل کے تحت پاکستان اور افواج کےخلاف کسی قسم کے انکشاف پر بھی کارروائی ہوگی، متعلقہ شخص سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اورآرمی ایکٹ کے تحت نمٹا جائے گا اور قانون کے ماتحت متعلقہ شخص سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ شخص ریٹائرمنٹ، استعفے اور برطرفی کے 2 سال بعد تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےگا، حساس ڈیوٹی پرتعینات شخص 5 سال تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کو 2 سال تک سخت سزا ہوگی۔
بل کے متن کے مطابق آرمی ایکٹ کے ماتحت شخص الیکٹرانک کرائم میں ملوث ہو تو اسی کےتحت کارروائی ہوگی، فوج کوبدنام کرنے یا نفرت انگیزی پھیلانے پر 2 سال قید اورجرمانہ ہوگا۔
قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2023 منظور کر لیا، سینیٹ پہلے ہی یہ بل پاس کر چکا ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.