You are currently viewing قطر فیفا ورلڈ کپ میں مہمانوں کے تاریخی استقبال کیلیے تیار ہے، مشعل محمد علی الانصاری

قطر فیفا ورلڈ کپ میں مہمانوں کے تاریخی استقبال کیلیے تیار ہے، مشعل محمد علی الانصاری

کراچی (ڈیسک) قطر کے قونصل جنرل مشعل محمد علی الانصاری نے کہا ہے کہ قطر فیفا ورلڈ کپ 2022 میں مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ قطر کے قونصل جنرل کا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ قطر دنیا بھر سے آنے والے دوستوں اور مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے، فیفا ورلڈ کپ کا آغاز اتوار 20 نومبر کو ہوگا اور یہ میچز 8 شاندار اسٹیڈیم میں ہوں گے جس میں 30 لاکھ سے زائد تماشائیوں کی آمد متوقع ہے جو اس تاریخی ایونٹ کو دیکھنے کے لیے قطر میں ہوں گے،انھوں نے کہا کہ بھرپور تیاری کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بہت زیادہ کام کیا گیا ہے کہ سب کچھ بلا رکاوٹ چلتا رہے۔ سیکیورٹی، ہوٹلوں کے کمرے اور ٹرانسپورٹیشن سمیت تمام شعبوں کو مکمل طور پر کور کیا گیا ہے جبکہ پاک فوج کے جوان بھی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ 3 کروز بحری جہاز بھی بک کرائے گئے ہیں جن میں سے دو پہلے ہی قطر پہنچ چکے ہیں تاکہ ہوٹلوں میں بکنگ مکمل ہوجانے کی صورت میں زائرین کو کروز جہازوں میں ٹھہرایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ 26 منزلوں اور 1000 کمروں پر مشتمل یہ دیوقامت کروز جہاز قطر میں پہلے ہی کھڑے ہیں جبکہ صحرا میں ریسٹ رومز اور بیڈ رومز پر مشتمل ہزاروں پرتعیش خیمے بھی قائم کیے گئے ہیں کیونکہ یہ بالکل مختلف ورلڈ کپ ہے جس میں تمام میچز ایک دوسرے سے آدھے گھنٹے کے فاصلے پر ایک شہر میں واقع 8 اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ یقیناً یہ تہواروں کا مہینہ ہے اور لوگ پہلے ہی ارجنٹائن، برازیل اور یورپ سے قطر میں آنا شروع ہو چکے ہیں اس لیے اب تہوار شروع ہوچکا ہے۔