You are currently viewing قطر: بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں پر جاسوسی ثابت، سزائے موت سنادی گئی

قطر: بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں پر جاسوسی ثابت، سزائے موت سنادی گئی

دوحہ (نیوز ڈیسک) قطر کی عدالت نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے بھی قطر میں بھارتیوں کو سزائے موت کی تصدیق کردی ہے۔
بھارت کا کہنا ہےکہ فیصلےکی تفصیلات کا انتظار ہے جس کے بعد معاملے کو قطری حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔
بھارتی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کی کمپنی میں کام کرنے والے 8 بھارتی شہریوں کو قطر کی عدالت نے سزا سنائی ہے، فیصلے سے گہرے صدمے میں ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تمام قانونی اقدامات کریں گے، مقدمے کی حساس نوعیت کی وجہ سے مزید کچھ نہیں کہہ سکتے۔
یاد رہے کہ قطر میں کام کرنے والے بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارتی بحریہ کے مذکورہ سابق اہلکار قطری بحریہ کے لیے ساز و سامان بنانے والی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔
سزا پانے والوں میں بھارتی بحریہ کا سابق افسر کیپٹن نوتیج سنگھ گل، برندرہ کمار ورما، سورابھ وشست، کمانڈر امت نگپال، پریندو تواری، سگنا کر پکالا، سنجیو گپتا اور ملاح راجیش شامل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان پر قطر کے لیے اٹلی میں تیار کردہ آبدوزوں کی خریداری کی تفصیلات اسرائیل کو دینے کا الزام تھا۔
قطری انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے آبدوز پروگرام سے متعلق کچھ ”الیکٹرونک کمونیکیشنز“ پکڑی ہیں۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7