لاہور ( ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں ای سی ایل میں نام ڈالنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی جس میں وفاقی حکومت ، وزارت داخلہ اور چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے رمضان شوگرمل اورآشیانہ ہاؤسنگ سکیم کاکیس بنایا، گرفتاری کے دوران اپنی بیگناہی کے ثبوت دئیے، نیب درخواست ضمانت کے دوران بھی مجھ پر لگائے گئے الزامات ثابت نہ کرسکا۔جس پر عدالت نے الزامات ثابت نہ ہونے پر درخواست ضمانت منظورکرلی لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کاحکم دیا جائے ۔ یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے نیب کی سفارش پر اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا تھا۔