You are currently viewing غیر ملکیوں پر دہشت گرد حملوں سے متعلق رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش

غیر ملکیوں پر دہشت گرد حملوں سے متعلق رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے غیر ملکی افراد پر دہشت گرد حملوں سے متعلق تحریری جواب پیش کردیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ایوان میں 2020ء سے 2024ء تک چینی، جاپانی اور دیگر غیر ملکی افراد پر دہشت گرد حملوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کی ہے۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق چینی، غیر ملکی اور جاپانی شہریوں پر 8 دہشت گرد حملے ہوئے، دہشت گرد حملے 7 چینی اور ایک جاپانی باشندے پر ہوا، حملوں میں 24 افراد بشمول 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق حملوں کے 38 زخمیوں میں 6 قانون نافذ کرنے والے اہلکار شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں چینی باشندوں پر 3 اور جاپانی باشندے پر ایک حملہ ہوا، سندھ میں ہونے والے حملے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق بلوچستان میں چینی باشندوں پر 2 حملوں میں 3 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں چینی شہریوں پر 2 حملے ہوئے، خیبر پختونخوا میں حملوں میں 19 افراد بشمول 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق سی پیک، دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی و دیگر افراد کے لیے ایس او پیز پر نظرثانی کی گئی ہے، عسکریت پسندوں کے نیٹ ورکس اور سیلز کے خلاف خفیہ معلومات پر کارروائی کی جاتی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق 2024 کے پہلے کوارٹر میں 2208 خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کیے گئے، آپریشنز میں 89 دہشت گرد ہلاک اور 328 کو گرفتار کیا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پرتشدد انتہا پسندی پالیسی کا مسودہ تیار ہوچکا ہے اور کابینہ سے منظوری کا انتظار ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.