You are currently viewing عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کو مبارکباد

عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کو مبارکباد

ڈیرہ اسماعیل خان (ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا عید الفطر کے موقع پر پیغام میں تمام اہل وطن ، دیار غیر میں موجود پاکستانیوں اور تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ کریم بار بار ہمیں یہ خوشیاں نصیب فرمائے ۔
انھوں نے کہا کہ ‎ میری دعا ہے کہ رمضان المبارک میں اللہ کریم نے مسلمانوں کو جن عبادات کی توفیق بخشی ،اللہ پاک اسے اپنے دربار میں قبول و منظور فرمائے اور اس کی پوری پوری جزاء عطاء فرمائے ۔
‎‏‎اس مبارک مہینے اور عید کی اس خوشی کے موقع پر بھی دنیا کے مختلف مقامات پر ہمارے مسلمان بھائی، بہنیں ،بزرگ اور بچے دکھ اور تکلیف میں ہیں ،انہیں دشمنوں کی جانب سے مسلسل اذیتیں دی جارہی ہیں ۔ ‎مسلمانوں کو حضور نبی کریم ﷺ نے جسد واحد قرار دیا ہے اور جسم کا کوئی حصہ تکلیف میں ہو تو پورا جسم اس تکلیف کو محسوس کرتا ہے۔
‎اس وقت دنیا میں جہاں مسلمان تکلیف میں ہیں ہم ان کی تکلیف کو محسوس کرتے ہیں۔ ‎ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم اپنا دینی ،ملی اور ایمانی فریضہ سمجھتے ہیں کہ ظلم کے خلاف ان کی جدوجہد میں شریک ہوں، قدم قدم ان کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔
‎خوشی کے اس موقع پر پاکستان کے عوام اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کو خصوصی مبارکباد دیتا ہوں اور ان کو یقین دلاتا ہوں کہ جے یو آئی کی قیادت حالات کی نزاکتوں کو سمجھتی ہے ،فتنوں سے پناہ مانگتے ہیں لیکن جب فتنوں کا سامنا ہوجائے تو مردانہ وار مقابلے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔‎ہماری جد وجہد ابھی بھی جاری ہے اور ان شاء اللہ یہ جدوجہد کامیاب ہوگی اور ہم پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہونگے۔
‎‏‎خوشی کے اس موقع پر اپنے گرد وپیش ضرورتمندوں ، فقراء اور حاجت مندوں کی ضروریات کا خیال رکھیں کہ یہی ہمارے پیارے دین کی تعلیمات ہیں۔
اس رمضان المبارک میں ہمارے نہایت قابل احترام مفتی عبدالشکور کی شہادت کا روح فرسا واقعہ پیش آیا، عید المبارک کے موقع پر عید مِلن پارٹی کی بجائے مفتی عبد الشکور رحمہ اللہ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے ،یہ ان کا ہم پر حق ہے اور ہماری طرف سے ان کے لئے بہترین تحفہ بھی ہے ۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7