You are currently viewing عمران نیازی کے “خونیں” مارچ سے ملک کا نقصان ہو گا، وزیر اعظم

عمران نیازی کے “خونیں” مارچ سے ملک کا نقصان ہو گا، وزیر اعظم

لاہور (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عمران نیازی نے مذموم مقاصد کے لیے مارچ کا اعلان کیا، خونیں مارچ سے ملک کا نقصان ہو گا، ملک مزید نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

سعودی عرب نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی ولی عہد بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ہو گا تو پاکستان کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں یوٹیوبرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ عمران نیازی نے مذموم مقاصد کے لیے مارچ کا اعلان کیا ہے، اس خونی مارچ سے ملک کا نقصان ہو گا،ملک کو پہلے ہی سیلاب کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے،سیلاب کے باعث سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، پی ٹی آئی کے اس خونی مارچ کا کس کو فائدہ ہو گا؟ وزیرِ اعظم نے سوال کیا کہ اس ملک کو پی ٹی آئی کی حکومت نے کیا دیا؟ عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ ہیں تو سب کچھ اور وہ نہیں تو کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ ایک ماہ قبل کاروباری شخصیت میرے پاس عمران نیازی کا پیغام لے کر آئی، انہوں نے کہا کہ عمران خان مذاکرات کرنا چاہتے ہیں کاروباری شخصیت نے کہا کہ عمران خان 2 معاملات کو بات چیت کے ذریعے طے کرنا چاہتے تھے، پہلا معاملہ آرمی چیف کی تقرری کا اور دوسرا انتخابات کا ہے میں نے عمران خان کو پیغام بھجوایا کہ آرمی چیف کا تقرر ایک آئینی فریضہ ہے جو وزیرِ اعظم نے ادا کرنا ہوتا ہے، ایک پارٹی کا وزیرِ اعظم نہیں 22 کروڑ عوام کا وزیرِ اعظم ہوں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان پہلے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں تھے، اب مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر ایماندار آدمی ہیں، ان کا نام عمران خان نے دیا تھا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ 24 اکتوبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا، سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان سے بہت اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کا استقبال پورا پاکستان کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بغیر کسی شرط کے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہیانہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ہو گا تو پاکستان کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج سوشل میڈیا ایک ایسی آواز ہے جوپوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.