اسلام آباد (ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت سرپرائز دے گی ، عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر بھی عمل ہوگا۔
جمہوری اور سیاسی سوچ پر بھی کام ہوگا،ملکی حالات بڑے تشویشناک،گھمبیر،خوفناک اور پریشان کن ہیں اور اس کا نتیجہ کچھ بھی نکل سکتا ہے۔ہفتہ کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بعض عقل کے اندھے دیوار کے پیچھے دیکھنے کی صلاحیتیں نہیں رکھتے،اقتدار کے بھوکوں کے خلاف فرد جرم لگنی تھی جوکہ مختلف کیسز میں ملزم ہیں اور دونوں وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالات خراب ہوتے جارہے ہیں گلی محلے کی لڑائی بڑھتی جا رہی ہے اور ایسی صورتحال میں حالات خوش آئند نظر نہیں آتے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ چار مہینے پہلے بھی کہا تھا کہ الیکشن کروائیں اور جمہوریت کوبچانے کے لئے فوری الیکشن کروائے جائیں اور اگر بروقت الیکشن نہ ہوئے تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے،عوام مہنگائی کو بھول کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی بات سنی جاتی ہے۔