اسلام آباد (ڈیسک)عام انتخابات 2018 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پہلے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) دوسرے نمبر پر ہے
ملک بھر سے موصول ہونے والے 49 فیصد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 120 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) 61 سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور پیپلز پارٹی 38 نشستوں پر برتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ آزاد امیدواروں کو 23 نشستیں حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ یہ 100 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج نہیں ہیں اس لیے ان میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔
ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں۔ ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حصہ لیا۔
قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلز پارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں