You are currently viewing عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر افواج پاکستان کی قوم کو مبارکباد

عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر افواج پاکستان کی قوم کو مبارکباد

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) افواج پاکستان نے عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کو الیکشن عمل میں سکیورٹی کی فراہمی میں کلیدی کردار پر فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر ذمہ داریاں ادا کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کیں، 6 ہزار حساس پولنگ اسٹیشنز پر ایک لاکھ 37 ہزار جوان جبکہ 7 ہزار 800 جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عوام کےلیے محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ کے پی کے اور بلوچستان میں 51 دہشت گرد حملوں کا مقصد الیکشن عمل کو سبوتاژ کرنا تھا، ان حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید اور 39 زخمی ہوئے جبکہ متعدد آپریشنز میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے موثر طریقے سے ملک بھر میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا، موثر انٹیلی جنس اور فوری کارروائیوں میں دہشت گردی کے شدید خطرات کو ناکام بنایا، یہ اپنے شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے سکیورٹی ایجنسیوں کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جمہوری عمل کے تحفظ کےلیے مسلح افواج سے مل کر کام کرنے پر قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے شکر گزار ہیں، ہمیں امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
امید ہے یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کےلیے اہم ہو گا، الیکشن پاکستانی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ملک میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، مسلح افواج ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کےلیے غیر متزلزل مدد کےلیے تیار ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.