نوشہرہ / سوات ( نیوز ڈیسک) عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے 2 سابق وزرائے اعلیٰ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
2013 سے 2018 تک تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور وزیر دفاع رہنے والے پرویز خٹک قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہار گئے۔
این اے 33 نوشہرہ 1 کے تمام 319 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید شاہ احد علی شاہ 90 ہزار 145 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پی پرویز خٹک 25 ہزار 582 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
علاوہ ازیں پی کے87 نوشہرہ 3 پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خلیق الرحمان 44 ہزار 762 ووٹ لےکر کامیاب ہوئے جبکہ پرویز خٹک 18 ہزار 176 ووٹ لےکر دوسرے نمبرپر رہے۔
دریں اثناء 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے والے محمود خان بھی اپنی نشست نہ بچاسکے۔
این اے 4 سوات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سہیل سلطان 88 ہزار 9 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی پی کے محمود خان 16 ہزار 813 ووٹ لےکر تیسرے نمبر پر آئے۔
علاوہ ازیں پی کے 10 میں پی ٹی آئی حمایت یافتہ کے آزاد امیدوار محمد نعیم 21 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ محمود خان 8 ہزار 741 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔