اسلام آباد(ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اب عالمی میڈیا بھی بھارت کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے اور فیک نیوز کو بے نقاب کر رہا ہے
ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ فرانس 24 ٹی وی چینل نے پاکستانی فضائیہ کے افغانستان میں پنجشیر پر حملے سے متعلق بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں کو بے نقاب کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں فرانس 24 ٹی وی کی ویڈیو رپورٹ بھی شیئر کی۔ ویڈیو میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ بھارت کے ہستی ٹی وی چینل نے طالبان کے پنجشیر پر قبضے کے دعوے کے بعد پاکستان ائیر فورس کے پنجشیر پر حملوں سے متعلق جعلی رپورٹ جاری کی۔ بھارت کے ٹائمزناﺅنوبھارت اور زی ہندوستان ٹی وی چینلز نے بھی اسی ویڈیو کا سہارا لے کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔