پشاور(ڈیسک)ضلع اپرچترال کےعلاقے قاقلشٹ میں دو روزہ ونٹر سپورٹس (سرمائی کھیل) کاٹورنامنٹ اختتام پذیرہوا۔
اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ظہیر الاسلام نے کہا کہ چترال ایک پر امن اور مہمان نواز لوگوں کاخطہ ہے اور یہاں آنے والے ہر سیاح خود کو اپنے گھر میں محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی تعمیر و ترقی پر اربوں خرچ ہورہے ہیں اور آنے والے دنوں میں چترال کا قسمت بدل جائے گا۔ضلع اپر چترال کے ڈپٹی کمشنرمنظور احمد آفریدی نے کہا کہ اس دفعہ چونکہ برف پگھلنے کاخدشہ تھا اسلئے ہم نے یہ ونٹر سپورٹس ٹورنامنٹ بہت کم وقت میں شروع کروایا اور اگلے سال اسے پورے زور و شور سے منائیں گے جس سے دور آفتادہ ضلع میں سرمائی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی مقامی کھلاڑیوں کو بھی سنو سکینگ اور سنو بورڈنگ میں تربیت دے رہے ہیں تاکہ اگلی بار یہاں کے مقامی لوگ ان کھیلوں میں حصہ لے سکے۔اس موقع پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس کے بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ دو روزہ ونٹر سپورٹس (سرمائی کھیل)سنو سکینگ،پیرا گلایڈنگ،جیپ ریلی، سنو بورڈنگ اور دیگر ثقافتی کھیل بھی شامل تھے۔بعد ازاں مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔