You are currently viewing صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی

اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 156۔ون کے تحت قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم قومی اقتصادی کونسل کے چیئرمین اور چاروں صوبوں کے وزرا اعلی کونسل کے ممبر ہوں گے۔ وفاق سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مواصلات اسعد محمود اقتصادی کونسل کے ممبران تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب سے سردار اویس احمد خان لغاری اور سندھ سے سینیٹر نثار احمد کھوڑو کے نام بطور ممبر قومی اقتصادی کونسل منظور کئے گئے، خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور بلوچستان سے سینئر وزیر برائے خزانہ نور محمد دمڑ بطور ممبر تعینات کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اقتصادی امور اور سیکرٹری منصوبہ بندی ڈویژن خصوصی دعوت پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نے سمری کے تحت قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی درخواست کی تھی۔ صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو وزیراعظم کی ایڈوائس پر کی ہے۔