You are currently viewing صدر مملکت، وزیراعظم کی کوئٹہ حملے کی مذمت، انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کا عزم

صدر مملکت، وزیراعظم کی کوئٹہ حملے کی مذمت، انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود گاڑی پر دہشت گردحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر کو پولیو کے مکمل خاتمے کے مشن میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دھماکے میں بچے اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچے ہمارا بیش قیمت قومی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔ پاکستان کے بچوں کو پولیو جیسی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے اور پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیو اہلکار شرپسند عناصر کی ان مذموم کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا، جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.