You are currently viewing صدر اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات، انتخابات 8 فروری کو کرانے پر اتفاق

صدر اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات، انتخابات 8 فروری کو کرانے پر اتفاق

اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات منعقد کروانے پر اتفاق رائے ہو گیا۔
صدر اور الیکشن کمشنر 8فروری 2024کو عام انتخابات کرانے پر متفق ہو گئے۔
ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ سال 8فروری بروز جمعرات عام انتخابات منعقد کروانے پر اتفاق رائے سے متعلق بیان جاری کیا گیا۔
اسی طرح ایوان صدر کی جانب سے بھی اسی مضمون کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔
قبل ازیں ملک کی اعلیٰ عدالت نے حکم جاری کیا تھا کہ الیکشن کمشن صدر مملکت سے فوری مشاورت کرے اور عام انتخابات کی تاریخ کا تعین یقینی بنائے۔
عدالت نے مزید ہدایت کی تھی کہ اتفاق رائے پیدا کرنے کے بعد اس کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائی جائیں، اب انتخابات سے متعلق حتمی تاریخ الیکشن کمیشن کل سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر صدر عارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان نے ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی ، الیکشن کمیشن نے 28 جنوری ، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی، جب کہ 11فروری کو موزوں ترین دن قرار دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے 11فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا تھا جس کے بعد اٹارنی جنرل صدر کا پیغام لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے اور ان کا مؤقف چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھا۔بالآخر 8فروری کو انتخابات کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.