کراچی / اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدارتی امیدوار آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی ہائیکورٹ میں جمع کرادیے گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کاغذات نامزدگی سندھ ہائیکورٹ جبکہ فاروق ایچ نائیک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آصف زرداری کے تجویز کنندہ اور ناصر حسین شاہ تائید کنندہ ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔
دریں اثناء سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارتی عہدے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے نامزد کردہ محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے۔
مزید برآں صدارتی انتخاب کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ اصغر علی مبارک، آزاد امیدوار وحید کمال اور شہری عبدالقدوس نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کر رکھا ہے۔