اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت اور قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا عمل 27 اگست سے شروع ہو گا۔
صدر کے انتخاب کے لئے امیدوار 27 اگست 12 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخاب کے لئے اسی روز کاغذات نامزدگی کا اجراء کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق صدر مملکت کے لئے پولنگ 4 ستمبر کو چاروں صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گی جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر پولنگ 14 اکتوبر کو ہو گی۔ قومی اسمبلی کی 11 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں پر انتخاب ہو گا۔