راولپنڈی (ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے انتظامیہ کو ہدایت کر دی کہ شیخ رشید کو اٹھارہ مئی تک گرفتار نہ کیا جائے۔ کیس کی سماعت جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی۔ مقدمات کے اخراج کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ علاوہ ازیں شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کی گرفتاری کے لیے دائر مقدمہ اخراج کی پٹیشن بھی سماعت کے لیے منظور کر لی گئی۔ ہائی کورٹ نے ایس ایچ او اور ہوم ڈپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کر دیے۔ شیخ رشید اپنے وکلا کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی پہنچے ۔ درخواست میں موقف دیا کہ ایف آئی آر انتقامی کارروائیوں پر مشتمل ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ایما پر مقدمات درج کیے گئے ہیں، جب کہ واقعہ مسجد نبوی میں ہوا لیکن مقدمات یہاں درج ہیں۔ استدعا کی گئی کہ درج مقدمات خارج کئے جائیں۔