راولپنڈی (ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہدا پولیس پیکیج کی ادائیگی وزیراعظم عمران کی ترجیحات میں شامل ہے،معاشرہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور پولیس پربلاجوازتنقید نہ کی جائے،عمارتیں بلند کرنے سے نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں سے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں،شہر کی آبادی بڑھنے کی وجہ سے اسلام آباد پولیس فورس میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کااظہارشیخ رشید احمد نے جمعرات کواسلام آباد میں نیشنل پولیس بیورو کے زیر اہتمام نیشنل شوٹنگ کمپٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ ترجیحی بنیادپر شہدا پیکیج کی رقم کی ادائیگی شروع کی جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرے اور بلاجواز پولیس کو تنقید کا نشانہ نہیں بناناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتیں بلند کرنے سے نہیں بلکہ صلاحیتوں سے مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملکی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے 2013میں 8کروڑ ووٹرز کا اندراج تھا جو ،2018میں دس کروڑ سے زیادہ اور اب تک 12کروڑ دس لاکھ سے زیادہ ہو چکا ہے ۔آبادی بڑھنے کے ساتھ پولیس کی ذمہ داری بھی بڑھتی جارہی ہے اور اسلام آباد پولیس فورس میں دو ہزار نفری کا اضافہ کیا جائے گا۔