میران شاہ (ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں سے مقابلے میں تین شرپسند موقع پر ہلاک ہو گئے۔
جھڑپ کے دوران تین فوجی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق سیکیورٹی فورسز سے دوبدو مقابلے میں تین دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے ، اس دوران چار شرپسند زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں سے آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔
دو بدو مقابلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے، شہدا میں لکی مروت کے اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور ایبٹ آباد کا جوان محمد زمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد اور ان کی سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک افواج دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، وطن کے بہادر سپوتوں نے وطن کی حفاظت اور پاک سرزمین کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، شہادت ہمارا مطلوب و مقصود ہے جو ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔